دروش اور اکروئی میں متاثرینِ ارندو کے لیے ریلیف سرگرمیاں جاری، فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد
دروش (نمائندہ چترال ٹائمز ) افغان بارڈر پر کشیدگی کے باعث متاثر ہونے والے ارندو کے خاندانوں کے لیے ضلعی انتظامیہ لوئر چترال کی نگرانی میں قائم ریلیف کیمپس میں امدادی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔
جاری پریس ریلیز کے مطابق دروش کے آر پی ڈی سی شاہنگار میں قائم ریلیف کیمپ مکمل طور پر فعال ہے، جہاں متاثرہ خاندانوں کو رہائش، معیاری خوراک، صاف پینے کا پانی اور طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ کیمپ میں باعزت اور محفوظ ماحول کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ انتظامی افسران اور عملہ مسلسل موجود رہ کر متاثرین کے مسائل سن رہے ہیں اور فوری حل کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
ماہِ مبارک رمضان کے پیشِ نظر سحری و افطاری کے منظم انتظامات کیے گئے ہیں اور خصوصی افطار دسترخوان بھی جاری ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر دروش بلال ناصر اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر دروش خلیل اللہ کے ہمراہ کیمپ کا دورہ کیا، متاثرین سے ملاقات کی، ان کے مسائل دریافت کیے اور ان کے ساتھ افطاری میں شرکت کر کے عملی یکجہتی کا اظہار کیا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کی مکمل بحالی تک ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔
دوسری جانب اکروئی میں بھی ضلعی انتظامیہ کے زیرِ نگرانی قائم ریلیف کیمپ مکمل طور پر فعال ہے۔ کیمپ میں متاثرین کے لیے رہائش، خوراک، طبی و ایمرجنسی سہولیات اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ رمضان المبارک کے پیشِ نظر افطاری اور سحری کے باقاعدہ انتظامات بھی کیے گئے ہیں تاکہ متاثرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
اس موقع پر نائب تحصیلدار ارندو فاتح عالم نے کیمپ کا دورہ کیا، انتظامات کا جائزہ لیا اور متاثرین کے ساتھ افطاری میں شرکت کی۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کی دیکھ بھال، تحفظ اور بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور امدادی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

https://chitraltimes.com/drosh-and-akroy-camp-for-arandu-displaced-people
