چترال کا ایک اور جوان دھرتی پر قربان، چترال سکاوٹس کے شہید سپاہی ساجد ضمیر کو فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی گاوں سنوغر میں سپردخاک کردیا گیا
اپرچترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) مستوج کے نواحی گاوں سنوغر سے تعلق رکھنے والے چترال سکاوٹس کے بہادر جوان شہید لانس نائیک ساجد ضمیر کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ شہید دورانِ ڈیوٹی دل کا دورہ پڑنے کے باعث آرندو بارڈر میں انتقال کر گئے تھے۔
نمازِ جنازہ میں 144 ونگ چترال سکاوٹس کے ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل طاہر اسلم، آر ایم او کیپٹن خطاب، ونگ کے جے سی اوز اور جوانوں کے علاوہ ایکٹنگ ڈی پی او اپر چترال اجمل خان، اے اے سی مستوج افضل علی ، ایس ڈی پی او مستوج اکبر شاہ، پولیس کے جوانوں، اور علاقے کے عمائدین کثیر تعداد میں شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان کی ہدایات پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر مستوج افضل علی نے بھی سنوغر کا دورہ کیا اور شہید کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہید سپاہی کی قبر پر پھول چڑھائے اور ان کے لیے دعائے مغفرت کی۔
افضل علی نے شہید کے لواحقین سے ملاقات کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اپر چترال کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی اور یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
اس موقع پر شرکاء نے شہید سپاہی ساجد ضمیر کی قربانی اور خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
شہید کے قبر پر صدر پاکستان، چیف آف آرمی سٹاف، کورکمانڈر ایلون کور ، آئی جی ایف سی نارتھ، کمانڈنٹ چترال سکاوٹس، ونگ کمانڈر مستوج، ڈپٹی کمشنر اپرچترال ودیگر کی طرف سے پھول چڑھائے گئے۔



https://chitraltimes.com/chitral-scouts-soldier-sajid-zamir-laid-to-rest-with-military-honours
