اپر چترال میں سالانہ موسمِ بہار شجرکاری مہم کا آغاز، ہر یونین کونسل کو 5 ہزار پودے فراہم کیے جائیں گے
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) فارسٹ ڈویژن چترال کی زیر نگرانی اپر چترال میں سالانہ موسمِ بہار شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ مہم کے تحت ضلع کی ہر یونین کونسل کو 5 ہزار پودے فراہم کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ علاقوں کو سرسبز بنایا جا سکے۔
افتتاحی تقریب میں ایس ڈی ایف او عالمگیر، فوکل پرسن ٹو ڈپٹی اسپیکر افگن رضا، ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی کی جانب سے نامزد فوکل پرسن شاہدہ پروین، مقامی کمیونٹی اور خواتین نے شرکت کی۔ شرکاء نے پودے لگا کر شجرکاری مہم کا عملی آغاز کیا۔
اس موقع پر شاہدہ پروین نے بتایا کہ مہم کے دوران اپر چترال میں مجموعی طور پر پچاس ہزار پودے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور سرسبز و شاداب چترال کے خواب کو حقیقت بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
مقررین نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے شجرکاری ناگزیر ہے، اور اجتماعی کوششوں سے ہی علاقے کو سرسبز اور ماحول دوست بنایا جا سکتا ہے۔

https://chitraltimes.com/plantation-campaign-starts-in-upper-chitral
